پاکستان
11 اپریل ، 2014

کراچی:وفاقی انشورنس محتسب کے آفیسر اور اہلسنت و الجماعت کے عہدیدار قتل

کراچی:وفاقی انشورنس محتسب کے آفیسر اور اہلسنت و الجماعت کے عہدیدار قتل

کراچی…کراچی میں تین روز سے جاری ٹارگٹ کلنگ کی لہر 2 وکیلوں، ایک ڈاکٹر اور مدرسے کے تین طلبہ سمیت 18افراد سے زندگیاں چھین چکی ہے۔آج بھی وفاقی انشورنس محتسب کے افسر غلام حیدر اور اہلسنت و الجماعت کے مقامی عہدیدار فیروز احمدکو قتل کردیا گیا۔ کراچی میں مارٹن روڈ پر تین موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان نے ایک گاڑی کو روک کر فائرنگ کردی، فائرنگ سے گاڑی میں موجود شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت غلام حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول غلام حیدر وفاقی انشورنس محتسب میں آفیسراور سینئر وکیل تھے۔ بعض ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ غلام حیدر نیب کے مقدمات کی بھی وکالت کرتے تھے۔ کراچی بار نے غلام حیدر ایڈووکیٹ کے قتل کے خلاف ہفتے کو عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کردی۔ دوسری جانب ناظم آباد نمبر تین میں دکان پر فائرنگ کرکے فیروز احمد نامی شخص کو قتل کردیا گیا۔ ترجمان اہل سنت و الجماعت کے مطابق مقتول ان کا مقامی عہدیدار تھا۔تین روز سے شہر میں جاری ٹارگٹ کلنگ کی لہر دو وکیلوں، ایک ڈاکٹر اور مدرسے کے تین طالب علموں سمیت 18افراد کی جانیں نگل چکی ہے۔ تاہم ان واقعات میں ملوث کسی بھی ملزم کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔

مزید خبریں :