12 اپریل ، 2014
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…چینی میڈیا ” وانٹ چائنہ ٹائمز“ کے مطابق پاکستانی بحریہ کے فرنٹ لائن یونٹس کو چینی ساختہ انٹی شپ کروز میزائل C-602سے لیس کردیا گیا ہے۔ ایک کینیڈین فوجی تجزیہ کار آندرے چانگ کی طرف سے کانوا ڈیفنس ریویو میں شائع رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان نے 2009میں چین سے120انٹی کروز میزائل سی602 لینے کا آرڈر دیا۔میزائلوں کی پہلی کھیپ 2011 میں پاکستان کو فراہم کردی گئی تھی۔اہلکاروں کی طرف سے میزائلوں کے استعمال کی تربیت مکمل ہونے کے بعد حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ سی602انٹی شپ میزائلوں کی فرنٹ لائن نیول یونٹس میں تنصیب کردی گئی ہے۔ یہ میزائل بھارتی سپر سانک کروز میزائل براہموس کے توڑ کیلئے خریدے گئے،بھارتی سپر سانک کروز میزائل کی رینج 290کلومیٹر ہے۔ پاکستان کے حاصل کردہ انٹی شپ کروز میزائل کی رینج280کلومیٹر ہے جس کی رفتار0.8ماچ ہے۔ اسلام آباد اس بات پر غور کر رہا ہے کہ وہ فوج کو چین کے بیڈو نیوی گیشن سسٹم کے سویلین ورژن پر کام کرنے کی اجازت دے تاکہ اسے میدان جنگ میں استعمال کیا جائے۔جریدے کے مطابق اگر دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ہوگیا تو میزائل سی602کی درستگی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔پاکستان واحد ملک ہے جو چینی ساختہ انٹی شپ میزائل سی602کو آپریٹ کر رہا ہے۔ یاد رہے کہ چین کے سب سانک انٹی شپ میزائل سی602کو YJ-62 میزائل بھی کہا جاتا ہے ،اسے زمین سے حملہ آور کروز میزائل کے طور پر بھی استعمال کیاجاسکتا ہے،2005سے چین کے استعمال میں یہ میزائل 1.24ٹن وزنی اور6.1میٹر لمبائی کا حامل ہے جو300کلوگرام سے زائدوارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔