پاکستان
13 اپریل ، 2014

فلسفہ محبت کے مصنف اور سراپا محبت جناب الطاف حسین ہیں ڈاکٹر فاروق ستار

حیدرآباد…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور سندھ کے مشہور و معروف دانشور، ادیب اور شعراء نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کی کتاب فلسفہ محبت کا سندھی زبان میں ترجمہ سندھ میں پیدا کی جانے والی نفرتوں کا خاتمہ کرے گی ،فلسفہ محبت خوبصورت اور آسان زبان میں تحریر کی گئی ہے جس میں سائنسی بنیادوں پر محبت کے فلسفہ کو اجاگر کیا گیا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کی شب حیدرآباد کے مقامی ہوٹل میں الطاف حسین کی تحریر کردہ کتاب فلسفہ محبت کے سندھی ترجمہ کے اجراء کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب اجراء سے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر فاروق ستار ،جئے سندھ قومی محاذ کے سربراہ عبد الواحد آریسر، رابطہ کمیٹی کے اشفاق منگی ، سابق سینیٹر اور دانشور یوسف شاہین،،شاہ عبد الطیف بھٹائی  کی درگاہ کے گدی نشین سید نثار حسین شاہ کے بھائی سید رضا شاہ ،معروف دانشور اور شاعر عشرت علی خان،علمی اور دانشور شخصیت میڈم ممتاز بھٹو ،معروف صحافی اور سکھر پریس کلب کے صدر لالا اسد پٹھان،ایم کیوایم سوشل فورم کے انچارج لونگ خان چنہ اور کتاب کے سندھی زبان کے مترجم معصوم تھری نے خطاب کیا ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج سندھ میں محبت کے حوالے سے نئی لغت بنانے جارہے ہیں جس میں لفظ محبت واحد لفظ ہوگا کہ جس کی کوئی ضد نہیں ہوگی ، فلسفہ محبت کے مصنف اور سراپامحبت الطاف حسین ہیں ۔ رکن رابطہ اشفاق منگی نے کہا کہ الطاف حسین نے محبت کرنے والوں کو ایک جگہ جمع کیا ہے اور انہوں نے محبت کا سچا فلسفہ دیا ہے۔ سابق سینیٹر اور دانشور یوسف شاہین نے کہا کہ زندگی میں پہلی بار معلوم ہوا کہ محبت کا بھی کوئی فلسفہ ہے جبکہ ہم سمجھتے تھے کہ یہ بے ساختہ ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اردو کی پہلی جنم بھومی سندھ ہے اور یہاں اردو زبان کی بنیاد ڈالی گئی آج سے تقریبا ساڑھے چھ سو سال پہلے اردو کی پہلی سطر سندھ میں لکھی گئی ،اردو زبان سے سندھ کی محبت یہ ہے کہ سندھ میں گزشتہ تین سو سال سے اردو میں شاعری کی جاتی ہے ۔ جئے سندھ قومی محاذ کے سربراہ عبد الواحد آریسر نے کہا کہ رحمت محبت سے اعلیٰ درجہ رکھتی ہے ، محبت ، عشق کی پر سوز نہر ہے ، عشق میں جنس کو دخل ہوتا ہے اور لیکن محبت میں جنس کا دخل کم ہوتا ہے، اغراض سے بالاتر ہوکر محبت کی جائے اور محبت حقیقت تک پہنچنے کی سیڑھی ہے ، الطاف حسین پہلے تو سیاستدان تھے اب وہ مصنف ہوگئے ہیں اور تصنیف اور تالیف کے ساتھ انصاف کرنا بڑی چیز ہے اور ان کی کتاب فلسفہ محبت خوبصورت اور آسان زبان میں تحریر کی گئی ہے جس پر میں الطاف حسین کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ سید نثار حسین شاہ کے بھائی سید رضا شاہ نے کہا کہ آج دنیا کے حسین وجمیل موضوع محبت پر گفتگو ہورہی ہے، فلسفہ محبت کی کتاب میں مجھے نئی چیز نظر آئی ہے۔



مزید خبریں :