14 اپریل ، 2014
اسلام آباد…وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 8 سے 10 ہزار میگا واٹ بجلی پیداوار کے منصوبے شروع کر رہی ہے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 4 سال میں بھاشا دیامر ڈیم کا پہلا مرحلہ مکمل ہوجائے گا۔واشنگٹن میں برطانوی وزیر برائے خزانہ اور بین الاقوامی ترقی جسٹین گریننگ سے ملاقات میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت نے توانائی کے بحران کے لیے باقاعدہ حکمت عملی تیار کی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سال ستمبر تک نج کاری کے عمل سے 2 سے ڈھائی ارب ڈالر حاصل ہونے کی توقع ہے۔برطانوی وزیر نے بتایاکہ پاکستان میں ٹیکس کی وصولیاں بہتر ہونا خوش آئند ہے۔وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں اسٹینڈرڈ اینڈ پوورز ریٹنگ ایجنسی حکام سے بھی ملاقات کی۔ ریٹنگ ایجنسی حکام نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ اگر پاکستانی معیشت میں بہتری کا تسلسل برقرار رہا تو ملک کی ریٹنگ میں بہتری کی توقع ہے ۔