پاکستان
07 اپریل ، 2012

کراچی پولیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزیاں جاری

کراچی پولیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزیاں جاری

کراچی… افضل ندیم ڈوگر… محکمہ داخلہ سندھ نے سپریم کورٹ کے احکامات پرعملدرآمد کی بجائے کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے پے در پے آوٹ آف ٹرن ترقیاں پانے والے دو پولیس افسر کو نئے عہدے دے دیئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی صدر طارق دھاریجو کا تبادلہ ایس پی کرائم برانچ ویسٹ کرکے ڈاکٹر خرم بشیر کو ایس پی صدر تعینات کردیا گیا ہے جبکہ خرم وارث کو ایس پی سٹی اور وقار ملہن کو ڈی پی او جام شورو تعینات کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے تبادلوں نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ خرم وارث اور وقار ملہن کا نام سندھ میں آوٴٹ آف ٹرن ترقیاں پانے والے 54 پولیس افسران کی فہرست میں نمایاں ہے۔ خرم وارث 19 فروری 1992 کو سندھ پولیس میں اے ایس آئی بھرتی ہوئے تھے۔ باری سے ہٹ کر پے در پے ترقیاں پاکر انسپکٹر، ڈی ایس پی اور پھر ایس پی کے عہدے تک جا پہنچے۔ ان کے ساتھ پولیس میں بھرتی ہونے والے پولیس افسران ابھی تک سب انسپکٹر کے عہدے تک پہنچ پائے ہیں۔ وقار ملہن یکم فروری 1985 کو اے ایس آئی بھرتی ہوئے۔ میرٹ لسٹ کے مطابق ان کا اصل عہدہ انسپکٹر ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم پر اوٹ آف ٹرن ترقیاں ختم کرنے کے لئے یہ فہرست پولیس ہیڈ کی جانب سے 20 مارچ کو محکمہ داخلہ سندھ کو بھیجی گئی تھی مگر اس پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔

مزید خبریں :