16 اپریل ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… برطانوی اخبار”دی میل،دی سن،ٹیلی گراف،دی مرر“ کے مطابق برطانیہ میں ایک 12سال کی لڑکی نے7پونڈ وزنی بچی کو جنم دے کر برطانیہ کی سب سے کم عمر ماں کا اعزاز حاصل کرلیا۔نئی نویلی ماں کی ماں 27سال کی عمر ہونے کی وجہ سے برطانیہ کی سب سے کم عمر نانی بن گئی۔کم عمر والدین اسکول کے طالب علم ہیں۔ برطانوی ریکارڈ کے مطابق برطانوی والدین کی سب سے کم مشترکا عمر کا ریکارڈ بھی اسی جوڑے کا ہے دونوں کی مجموعی عمر 25برس ہے۔ والد کی عمر13 سال ہے جب کہ ماں کی عمر 12سال تین ماہ ہے جو گزشتہ ریکارڈ کے مطابق سب سے کم عمر برطانوی ماں ٹریسا مڈلٹن سے5ماہ کم ہے۔برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے سب سے کم عمر والدین میں ماں کی عمر صرف11سال تھی اور وہ پرائمری اسکول کی طالبہ تھی جب وہ حاملہ ہوئی۔ماں کا نام قانونی وجوہات کی وجہ سے نہیں بتایا گیا۔لڑکی اب اسکول کے ساتویں جب کہ لڑکا نویں سال میں ہے۔ ان کی بچی کاوزن سات پونڈ ہے جو برطانوی نوزائدہ بچیوں کی اوسطاً وزن7پونڈ 4اونس کے قریب ہے۔کم عمر والدین کا تعلق شمالی لندن سے ہے۔جوڑے کی پہلی ملاقات 2012میں کرسمس کے موقع پر ہوئی جب لڑکی کی عمر صرف 10سال اور لڑکے کی 12سال تھی۔گزشتہ روز نئی نویلی ماں اپنی ماں اور ایک خاتون کے ساتھ بچی کی پیدائش کے اندراج کیلئے رجسٹر آفس گئی ۔اب خیال کیا جا رہا ہے اس جوڑے کی مدد سماجی خدمات سے کی جائے گی۔کم عمر والدین کے خاندان ان کی مکمل حمایت کریں گے۔برطانوی اخبار ”دی مرر“ کے مطابق دنیا کی سب سے کم عمر ماں کا عزاز پیرو کے شہر ٹکراپو کی لینا میڈینا کا ہے جس نے1939میں صرف پانچ سال سات ماہ کی عمر میں بیٹے گیرارڈو کو جنم دیا۔