17 اپریل ، 2014
کراچی…جمعیت علمائے اسلام ف نے اسلامی نظریاتی کونسل کے خاتمے کی سندھ اسمبلی میں قرارداد کی منظوری اور مدارس کے خلاف بیانات پر کل یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ مولانا عطاء الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے مدارس کے خلاف ایکشن لیا تو ملک بھرسے اس کی رجسڑیشن ختم کرادیں گے۔کراچی میں جمعیت علمائے اسلام ف نے تحفظ دینی مدارس ریلی نکالی ۔ نمائش جانے کی اجازت نہ ملنے پرریلی کے شرکاء نے گرو مندر پر ہی دھرنادے دیا۔ شرکاء سے خطاب میں مولانا عطاء الرحمان کا کہنا تھا کہ مدارس نے ہمیشہ محبتوں کا درس دیاہے پیپلز پارٹی والوں کو شرم آنی چاہئے،جنہوں نے سندھ اسمبلی میں کہا کہ مدارس نہیں بننے دیں گے اور جوموجودہیں ان کی رجسٹریشن ہوگی۔امیر جے یوآئی ف کراچی قاری محمد عثمان کا کہنا تھا کہ پر امن ریلی روک کر اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی ۔ جے یوآئی سندھ کے جنرل سکریٹری خالدمحمود سومرو نے کہا کہ تھر میں معصوم بچوں کی اموات کا مقدمہ وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف درج کیا جائے۔انہوں نے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف قرارداد کی منظوری پرسندھ اسمبلی تحلیل کرکے نئے انتخابات کا مطالبہ اور جمعے کو حکومت سندھ کے خلاف یوم احتجاج کا اعلان کیا۔