17 اپریل ، 2014
ریاض…پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ وزراتی کمیشن کا اعلامیہ جاری ہوگیا،دونوں ممالک نے بزنس ویزہ کا آسان حصول ،سرمایہ کاری بڑھانے اورتجارتی نمائشیں لگانے سمیت دیگر معاملات پر اتفاق کیا ہے۔مشترکہ وزراتی کمیشن کا دسواں اجلاس سعودی عرب کے شہر ریاض میں ہوا،پاکستانی وفد کی سربراہی وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر جبکہ سعودی وفد کی سربراہی سعودی وزیرصنعت توفیق بن فوزا ن نے کی۔مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا ہے،سعودی عرب میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں پاکستانی افرادی قوت کا کوٹہ بڑھانے اور بزنس ویزہ کے حصول میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سعودی پاک انوسٹمنٹ کمپنی کی مالی استطاعت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔