17 اپریل ، 2014
راجن پور…پنجاب کے ضلع راجن پور نے وزیراعلٰی پنجاب سمیت بڑے بڑے لوگوں کو الیکشن میں کامیاب کروایا،لیکن اسی ضلع کے ڈیڑھ لاکھ انسان حیوانوں جیسی زندگی گزار رہے ہیں۔ جیونیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلٰی نے نوٹس لیا،تاہم ڈی سی او غازی امان اللہ کو اس نوٹس کا علم نہیں۔راجن پور کے علاقے پچھادھ داجل میں ڈیڑھ لاکھ آبادی پانی کو ترس رہی ہے، متبادل ذریعہ موجود نہیں۔ انسان اور جانور پیاس بجھانے کیلیے تالاب میں جمع ہونیوالابارش کا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ بچے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں،بیشترخاندان علاقے سے ہجرت کرگئے۔ جیونیوز پر گزشتہ روز خبر نشر ہونے کے بعد وزیراعلٰی پنجاب نے نوٹس لیااورمتعلقہ وزرا سے رپورٹ طلب کی، اہلِ علاقہ کیلیے صاف پانی اور میڈیکل ٹیمیں بھیجنے کی ہدایت کی۔ تاہم احکامات پر کسی قسم کی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ متاثرین بدستور یہی گنداپانی پینے پر مجبور ہیں۔وزیراعلٰی پنجاب میاں شہبازشریف کے نوٹس لینے کے بعد جیونیوز کی ٹیم نے ڈی سی او راجن پورغازی امان اللہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے وزیراعلٰی کے نوٹس لینے سے متعلق لاعلمی کا اظہار کردیا۔