پاکستان
18 اپریل ، 2014

خارجہ پالیسی سویلین حکومت بنائے اور کنٹرول بھی اپنا رکھے : ارکان سینیٹ

خارجہ پالیسی سویلین حکومت بنائے اور کنٹرول بھی اپنا رکھے : ارکان سینیٹ

اسلام آباد…سینیٹ کے ارکان نے زور دیا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی سویلین حکومت بنائے اور کنٹرول بھی اپنا رکھے ۔ گلگت بلتستان میں آٹے پر سبسڈی ختم کرنے کے خلاف اپوزیشن نے ایوان سے واک آوٴٹ بھی کیا۔ سینیٹ کے اجلاس میں رضا ربانی کی بھارت اور افغانستان میں انتخابات کے بعد کی صورتحال سے متعلق تحریک پر بحث کی گئی۔پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پاکستان کی سر زمین دیگر ممالک کے خلاف استعمال کرنے والے عسکریت پسندوں کو روکنا ہو گا ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر داخلہ اپنے طور پر خارجہ پالیسی چلا رہے ہیں ، اس سے دیگر قوتوں کو مداخلت کا موقع ملے گا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پی پی دور حکومت میں بھی شام میں فوج بھیجنے کا کہا گیا تھا لیکن صدر آصف زرداری نے انکار کر دیا تھا۔اے این پی کے سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ افغانستان میں پر امن صدارتی انتخابات سے طالبان کو شکست ہوئی ہے، پاکستان کو نام نہاد جہادی نیٹ ورک سے دور رہنا ہو گا،خارجہ پالیسی سول حکومت بنائے اور وہی چلائے۔نیشنل پارٹی کے میر حاصل خان بزنجو نے کہا کہ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی درست کر لے تو پورے خطے پر اچھا اثر پڑے گا،ایران مستقبل کی ابھرتی طاقت ہے ،اس سے ا چھے تعلقات ہونے چاہئیں۔ گلگت بلتستان میں آٹے پر سبسڈی ختم کرنے کے خلاف اپوزیشن نے واک آوٴٹ بھی کیا۔مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا کا کہنا تھا کہ لوگوں کو آٹا نہیں ملے گا تو وہ کہیں گے شیر آٹا کھا گیا، وزیر اعظم نوٹس لیں۔ سینیٹ کا اجلاس اب پیر کی سہ پہر چار بجے ہو گا۔

مزید خبریں :