پاکستان
26 اپریل ، 2014

کراچی ، دہلی کالونی میں مسجد کے باہر دھماکا،6 افرادہلاک ،متعددزخمی

 کراچی ، دہلی کالونی میں مسجد کے باہر دھماکا،6 افرادہلاک ،متعددزخمی

کراچی…کراچی پھر سے دہشت گردوں کے نشانے پرہے، اور دو دن کے دوران یہ دوسرا دھماکا ہے، کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں بم دھماکے میں 6 افراد جاں بحق اور دودرجن سے زائد زخمی ہوگئے۔مرنے والوں میں گلشن حدید سے 2 دن قبل منتقل ہونے والے ماں بیٹا بھی شامل ہیں۔جمعہ کی دوپہرتقریبا ڈھائی بجے ڈیفنس فیز4 اورملحقہ علاقے دھماکے لرزاٹھے۔پولیس کے مطابق دھماکہ چوہدری خلیق الزماں روڈ پنجاب چورنگی پرواقع دہلی کالونی میں مسجد کے قریب ہوا۔ دھماکے میں خاتون سمیت چھ افراد جاں بحق اور دودرجن سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے بعد ہرطرف دھواں پھیل گیا تھا اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے ادھر ادھربھاگنے لگے۔زخمیوں کا کہنا تھا کہ کچھ سمجھ نہیں آیا کہ دھماکہ کس طرح ہوا،ہرطرف چیخ وپکار مچ گئی تھی۔ ڈی آئی جی ساوٴتھ عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ سرکاری نمبرپلیٹ کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیاہو۔آئی جی سندھ اقبال محمود نے کہا کہ دھماکے میں 10کلوگرام دھماکہ خیزمواد استعمال کیا گیا،جسے رکشے میں نصب کرکے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ دھماکے میں امام بارگاہ سے آنے والی گاڑی کونشانہ بنایا گیا تھا۔گزشتہ روز بھی پرانی سبزی منڈی کے قریب پولیس افسرشفیق تنولی سمیت 4 افراد مبینہ خودکش حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔دریں اثناء اسپتال ذرائع کے مطابق رات گئے تک مزید دو زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :