25 اپریل ، 2014
لاہور…سینئر صحافی حامد میر پر قاتلانہ حملے، جیو ٹی وی،جنگ اور دی نیوز اخبارات کی مختلف علاقوں میں جبراً بندش کے خلاف لاہور پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،، مظاہرین نے مذمتی بینرز بھی آویزاں کئے، اس موقع پرصحافیوں کی بڑی تعداد لاہور پریس کلب میں جمع ہوئی۔ انہوں نے جنگ گروپ کے اخبارات کی فراہمی روکنے اور جیو نیوز کی نشریات بند کرنے کے خلاف نعرے لگائے۔مظاہرین نے آزادی اظہار پر جبری بندش اور حامد میر پر بزدلانہ حملے کے حوالے سے بینرز اٹھا رکھے تھے۔مظاہرے میں پی یوجے، کونسل آف پاکستان پریس کلبز، ایمرا اور اینکا کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حامد میر پر حملے نے ملک بھر کے صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے، صحافت پر کوئی پابندی قبول نہیں کی جائے گی۔مظاہرے کے بعد مذمتی بینرز پریس کلب کے باہر آویزاں کر دئیے گئے۔