پاکستان
25 اپریل ، 2014

جیو اور جنگ گروپ کی تاریخ ملک دشمنی سے بھری ہے، آئی ایس آئی کا الزام

جیو اور جنگ گروپ کی تاریخ ملک دشمنی سے بھری ہے، آئی ایس آئی کا الزام

کراچی…آئی ایس آئی کے حکام کی جانب سے پیمرا کو بھیجی گئی شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ جنگ اور جیو گروپ کی تاریخ ملک دشمنی اور غداری سے بھری پڑی ہے،جب ملک کی سب سے بڑی انٹیلی جنس ایجنسی کے حکام نے بغیرثبوت کے اتنا بڑا الزام لگادیا تو حامد میر پر حملے کی تحقیقات، جوڈیشل کمیشن،اورواقعے کی ایف آئی آرپرکارروائی کس طرح شفاف، آزادانہ اور منصفانہ ہوسکتی ہیں، قانونی چارہ جوئی کے بغیر مختلف شہروں کے ڈیفنس اور کنٹونمنٹ کے علاقوں میں چھپے ہوئے ہاتھوں نے جیو کے چینل بند کرادیے۔انٹر سروسز انٹیلی جنس کی جانب سے پیمرا کو بھیجے گئے نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ حامد میر پر حملے کے بعد جیو نیوز نے جو نیوز ٹرانسمیشن چلائی وہ پہلا موقع نہیں تھا،بلکہ جیو اور جنگ گروپ کی تاریخ ملک دشمنی اور غداری سے بھری ہوئی ہے۔آئی ایس آئی کے الزام سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ وہ جیو اور جنگ گروپ کے خلاف بغض رکھتی ہے اور بقول آئی ایس آئی جیو اور جنگ گروپ ملک دشمن ہیں اگر آئی ایس آئی کی جنگ اور جیو کے خلاف یہ سوچ ہے تو کس طرح سینئر اینکر پرسن حامد میر پر حملے کی تحقیقات جوڈیشل کمیشن کی کارروائی اور واقعے کی ایف آئی آر شفاف آزادانہ اور منصفانہ ہوسکتی ہیں۔کیا اس کا مطلب ہے کہ آئی ایس آئی اپنی طاقت کے زور پر ہر وہ چیز اپنے حق میں کرائے گی اور وہ نتائج حاصل کرے گی،جو وہ چاہتی ہے۔جس کا مطلب ہے تمام سرکاری اداروں کا تعاون،آئی ایس آئی کی شکایت کے مطا بق اگر جیو اور جنگ گروپ ملک دشمن ہیں،تو کتنی مرتبہ آئی ایس آئی نے آئی ایس پی آرپیمرا اور وزارت اطلاعات کو تحریری طور پر آگاہ کیااور ان اداروں نے کتنی مرتبہ جیو نیوز کو بتایا۔آئی ایس آئی کے بقول جیو اور جنگ گروپ کی غداری پر مبنی تاریخ کے بارے میں کیا صدر وزیر اعظم اور عدالتوں کو آگاہ کیا گیا،اور کیا جیو اور جنگ گروپ کو اس بارے میں اطلاع دی گئی،یا وضاحت مانگی گئی تاکہ جنگ گروپ اپنا دفاع کرسکے،اگر ایسا کیا گیا تو اس کا ریکارڈ کہاں ہے،اگر آئی ایس آئی نے ماضی میں ایسا نہیں کیا کیوں ایسی معلومات اپنے پاس رکھیں اور اتنی خطر ناک اطلاع سے کسی کو آگاہ کیوں نہ کیا گیا، ایک طرف جنگ گروپ کو پاکستان مخالف کہا جارہا ہے تو دوسری جانب ماضی قریب میں جیو اور جنگ گروپ نے سوات آپریشن،یوم دفاع کی تقریبات یوم پاکستان کی تقریبات آرمی آپریشن اور سیلاب کی بھرپور کوریج کی ،آئی ایس آئی کی جیو اور جنگ گروپ کی منیجمنٹ کے مختلف افراد سے ملاقاتوں میں جیو اور جنگ گروپ کی غداری سے بھری تاریخ سے کتنی بار آگاہ کیا گیا،کچھ عرصے سے آئی ایس آئی کی جانب سے حامد میر اور دیگر اینکرز اور صحافیوں کی لاپتہ افراد کی کوریج،بلوچستان کی صورت حال کو ناظرین کے سامنے لانے مشرف غداری کیس کی سماعت امن کی آشا آزاد عدلیہ کی تحریک ،قانون کی بالادستی،جمہوریت کے حق میں کی جانے والی جدوجہد پر شکایت کی گئی،اگر یہ تمام کوریج ملک سے محبت نہیں تو جذبہ حب الوطنی کے اس نظریے سے ہم اتفاق نہیں کرتے اورحب الوطنی کے اس نظریے سے اختلاف کی آڑ میں ٹیم جیو کے کسی بھی رکن کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمے دار پیمرا کو شکایت کرنے والے آئی ایس آئی کے وہ حکام ہوں گے جنہوں نے جیو اور جنگ گروپ کو ملک دشمن قرار دیا ہے،اب تک یہ ثابت نہیں کیا جاسکا ہے کہ جیو اور جنگ گروپ ملک دشمن ہیں،تو کیوں اور کس طرح میڈیا کو الزام بھری دستاویز پہنچائی گئی،جس نے اس کو نشر بھی کیا ایک جانب جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر آئین سے غداری کے مقدمے کی سماعت چل رہی ہے،دوسری جانب جیو نیوز کو غدار قرار دیا جارہاہے،اگر جیو نیوز غدار ہے تو مسلح افواج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے مختلف مواقع پر جیو نیوز کی تعریف کیوں کی،کیا یہ بھی غداری تھی یا جیو نیوز کے لیے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ ۔

مزید خبریں :