02 مئی ، 2014
لاہور …لاہور میں خواتین صحافیوں کا تین روزہ کنونشن شروع ہو گیا ہے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدرعاصمہ جہانگیر کا کہنا ہے کہ یہ بھی سچ ہے کہ سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ صحافیوں کو ڈراتے دھمکاتے ہیں۔ لاہور میں ویمن جرنلسٹس کنونشن کا اہتمام پی ایف یو جے اور عورت فاوٴنڈیشن نے کیا۔ جس میں ملک بھر سے 150 سے زائد خواتین صحافیوں نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں سپریم کورٹ بار کی سابق صدر عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ پیمرا نے جیو کولائسنس دیا تب تو وہ غدار نہیں تھا،آج ایک میڈیا ہاوٴس دوسرے میڈیا ہاوٴس کو گالیاں دے رہا ہے،پی ایف یو جے صحافت کو دلدل سے نکالے۔ صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز کا کہنا تھا کہ صحافیوں کو ملک اور قومی اداروں کی برائیاں پوری دنیا میں نہیں پھیلانی چاہئیں۔بیگم بشری اعتزاز کا کہنا تھا کہ صحافی خواتین عورت کے مثبت کردار کو پیش کریں۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ،اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ خواتین صحافیوں کو پیشہ ورانہ سہولتیں ملنی چاہئیں۔ویمن جرنلسٹ کنونشن سے عورت فاونڈیشن کی رہنماوٴں اور دیگر سینئر صحافی خواتین نے بھی خطاب کیا۔