09 اپریل ، 2012
اسلام آباد … سیاچن میں گیاری سیکٹر میں برفانی تودے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق مزید افرادی قوت اور بھاری مشینری بھی حادثے کے مقام پر بھجوائی جارہی ہے جبکہ حکومتی مشیر برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ کل سے سیاچن میں برفباری کا امکان ہے جو 3 دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق گیاری سیکٹر میں برفانی تودے میں دبے افراد کو نکالنے کیلئے کوششیں تیز کردی گئی ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن میں 286 جوان اور شہری حصہ لے رہے ہیں، امدادی کاموں میں ڈوزر، برف کھودنے والی مشینیں اور 5 ہیلی کاپٹر استعمال کئے جارہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اب تک 40 فٹ لمبا، 30 فٹ چوڑا اور 10 فٹ گہرا راستہ بنایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ این ڈی ایم اے اور اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ماہرین کو بذریعہ سی ون تھرٹی بھجوایا جارہا ہے جبکہ مزید افرادی قوت اور بھاری مشینری بھی بھیج رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومتی مشیر برائے موسمیات قمر الزمان چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاچن میں کل سے برفباری کا امکان ہے جو آئندہ 3دن تک جاری رہ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن میں موسم صاف ہونے میں 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں، برفباری کے دوران امدادی کاموں میں رکاوٹ کا امکان ہے۔