09 اپریل ، 2012
لاہور … وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے غیر اعلانی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری اور ایران سے گیس حاصل کرنی چاہئے، بھاشا ڈیم قوم کی امید وں کا مرکز ہے۔ لاہور میں جاری دوسری انرجی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے شکایت کی کہ پنجاب سے امتیازی سلوک برتا جارہا ہے، پنجاب کاچیف ایگزیکٹو ہوں، میرا فرض ہے میں پنجاب کے مسائل سے آگاہ کروں۔ انہوں نے کہا کہ بھاشا ڈیم سے قوم کوامید ہے، لیکن پرویز مشرف نے اس پر زبانی جمع خرچ کیا ، ایران سے زمینی راستے سے گیس حاصل کرنا چاہئے، غیراعلانی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔ شہباز شریف نے تجویز دی کہ توانائی مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم سیکریٹریٹ میں ون ونڈو سینٹر قائم کیا جائے، ان کا کہنا ہے کہ ہمیں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کرنا ہوگی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ فیسکو کی ریکوری 99.8 فیصد ہے اور لائن لاسز صرف 11 فیصدہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پرانے پاور پلانٹ کو گیس دی جارہی ہے، لیکن نئے پلانٹ بند ہیں۔