09 اپریل ، 2012
لاہور … میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے نوٹ چھاپ چھاپ کر اپنا خسارہ پورا کیا، انہیں خراجات کم کرنے چاہئیں، بھارت کے ساتھ تعلقات آگے بڑھنے چاہئیں، صدر زرداری کا دورہ بھارت اچھا اقدام ہے، ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا چاہئے، اگر بھارتی ٹیم پاکستان آئے تو مجھے بھی ٹیم میں کھلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے لاہور میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران ختم کرنے کیلئے مرکزی و صوبائی حکومتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، شہریوں میں بے چینی پھیل رہی ہے، مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی ہے، حکومت نے نوٹ چھاپ چھاپ کر اپنا خسارہ پورا کیا، انہیں اخراجات کم کرنے چاہئیں۔ نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیٹو سپلائی پر فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق ہونا چاہئے، گیاری واقعے پر امریکا کی پیشکش خوش آئند ہے، اسے سراہتے ہیں، میرا دل چاہتا ہے کہ سیاچن پر جاکر خود امدادی کام کروں۔ صدر مسلم لیگ(ن) کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ تعلقات آگے بڑھنے چاہئیں، صدر آصف زرداری کا دورہ بھارت اچھا قدم ہے، بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنا چاہئے، حکومت کو چاہئے کہ وہ بھارتی ٹیم کیلئے سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو بھی بھارت جانا چاہئے، بھارتی ٹیم پاکستان آئے تو مجھے بھی ٹیم میں کھلایا جائے، میں بھی کرکٹ کھیلتا ہوں، پرانی یادیں تازہ ہوں گی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات کا تبادلہ ہونا چاہئے اس سے کشیدگی دور ہوگی، بھارت کے ساتھ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھنا چاہئے اور کشمیر سمیت تمام حل طلب معاملات پر بات چیت ہونی چاہئے، کرپشن ختم کرنے کی ضرورت ہے، آنے والی حکومت کیلئے معاملات سنبھالنا آسان نہیں ہوگا۔