13 مئی ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراور قومی اسمبلی کے رکن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کو شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری نہ کرکے زیادتی کی جارہی ہے،ایسا لگ رہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، معاملے پرایم کیوایم کے کارکنان میں غم وغصہ ہے،جیو ٹی وی سے پیر کی شب گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تمام طریقہ پر عمل کیا گیا،درخواست کی رسید اور ٹوکن بھی ملا،انھوں نے فارم بھرنے کو کہا،فارم فل کردیاگیا،جس طرح ہائی کمشنر واجد شمس الحسن نے بتایا اس پر عمل کیاگیا،پاسپورٹ کے معاملے پرلندن ہائی کمیشن سے رابطہ کیاگیا،تاہم پاسپورٹ سے متعلق وزارت داخلہ کے ترجمان کے بیان پرحیران ہوں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ فنگر پرنٹس مشین اسی طرح استعمال کیا گیا جس طرح پاکستان میں موبائل ٹیمیں شناختی کارڈ بنانے کے لیے اسے لیکر جاتی ہیں۔