15 مئی ، 2014
نامل ناڈو…بھارتی ریاست تامل ناڈو کی یونی ورسٹی میں زیرتعلیم پاکستانی طالب علم کو نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ پونڈی چری یونی ورسٹی میں پڑھائی کرنے والے علی حسن رضا کی گردن اور کمر پر زخم آئے ہیں۔یونیسکو کے مدن جیت انسٹیٹیوٹ آف ساوتھ ایشیا ریجنل کوآپریشن میں پاکستانی طالب علم علی حسن رضا کو تین نامعلوم افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا،دو روز پہلے صبح تین بجے لوہے کی سلاخیں تھامے تین حملہ آور علی حسن کے کمرے میں داخل ہوئے اور انہیں سلاخوں سے مارا پیٹا،جس سے ان کی گردن اور کمر پر زخم آئے،علی حسن نے فوری طور پر ہنگامی الارم بجایا۔جس کے بعد ہاسٹل کے دیگر طالب علم ان کی مدد کو آئے لیکن اس وقت تک حملہ آور فرار ہوچکے تھے۔جیو نیوز سے گفتگو میں علی حسن نے بتایا کہ پولیس نے نہ صرف ایف آئی آر درج کرلی ہے بلکہ ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے،دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ علی حسن یونی ورسٹی کے انتہائی ملنسار اور ہر دلعزیز طالب علم ہیں،ابتدائی تحقیقات سے ان کی کسی سے دشمنی بھی سامنے نہیں آئی۔ہوسکتا ہے حملہ آور کسی اور کے دھوکے میں ان پر وار کر گئے،لیکن ملزمان کو چھوڑا نہیں جائے گا۔دوسری جانب پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی بھارتی وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے اور علی حسن کی وطن واپسی کی کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔