15 مئی ، 2014
کراچی…کراچی میں سلیمان لاشاری قتل کیس پراسرار حیثیت اختیار کرگیا ہے ، مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو عینی شاہدین نے توشناخت کرلیا ہے لیکن ملزم کے چچا کا کہنا ہے کہ سلیمان لاشاری کو گولیاں چھت سے ماری گئیں جب کہ سلمان ابڑو تو گھر کے باہر اپنی گاڑی میں زخمی تھا۔سلیمان لاشاری قتل کیس میں کسی تیسرے ہاتھ کی موجودگی کا اشارہ سامنے آگیاجب مرکزی ملزم سلمان ابڑو کی شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشیل مجسٹریٹ جنوبی ممتاز سولنگی نجی اسپتال پہنچے اور سرجیکل آئی سی یو میں دس مریضوں کے درمیان ملزم کو اسٹریچر پر بٹھا کر شناخت کروائی گئی۔ چار گواہوں نے ملزم سلمان ابڑو کو شناخت کرلیا۔عینی شاہدین میں مقتول کی والدہ ،بھائی ،بہنوئی اور گھریلو ملازم شامل ہیں۔زخمی ملزم سلمان ابڑو کے چچا نے بتایا کہ پہلے سلمان ابڑو کوگھر کے باہر اپنی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھے ہوئے گولی لگی تو وہ کیسے سلیمان لاشاری پرگولیاں چلاسکتاہے۔انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ طبی رپورٹ کے مطابق سلیمان لاشاری کو گولیاں سامنے نہیں بلکہ اوپر سے ماری گئیں ۔اس سے قبل شریک ملزمان چار پولیس اہلکاروں راشد،مقبول بروہی ،عمران علی اور یاسین جمالی کو بھی شناخت کیا جاچکاہے چاروں ملزمان انسداد دہشت گردی کی عدالت سے 16 مئی تک ریمانڈ پر ہیں جبکہ سلمان ابڑو کو ڈاکٹرز کی اجازت کے بعد عدالت میں پیش کیا جائیگا۔