15 مئی ، 2014
لاہور…لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے جوہر ٹاوٴن میں نجی اسکول کو سیل کر دیا۔ بچوں اور اساتذہ کو باہر نکلنے کی مہلت بھی نہ دی۔ جیو نیوز پر خبر نشر ہوتے ہی ڈی سی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔ ایل ڈی اے کی پھرتیاں، جوہر ٹاوٴن میں انتہائی خاموشی سے کارروائی۔ نجی اسکول سیل ہونے سے ننھے بچے اور اساتذہ عمارت میں قید ہو گئے۔ایل ڈی اے نے بچوں اور اساتذہ کو باہر نکلنے کی مہلت بھی نہ دی۔ چھٹی کے وقت دیواریں اور گیٹ پھلانگ کر آزادی حاصل کی۔اسکول انتظامیہ کو تو پتہ ہی نہیں کہ ایل ڈی اے نے عمارت سیل کیوں کی؟ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ نے کمرشل ٹیکس نہیں دیا، نوٹس ارسال کئے تھے۔ رقم جمع نہ کرانے پر عمارت سیل کر دی۔ جوہر ٹاوٴن میں ہی 4 دیگر اسکول بھی سیل کئے ہیں۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹیکس نہ دینے پر عمارتیں سیل کرنا ایل ڈی اے کا قانونی حق ہے، لیکن اندر موجود لوگوں کو باہر نکلنے کا وقت تو دینا چاہئے۔