11 جنوری ، 2012
لاہور… سردیوں میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا ۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ بارہ گھنٹے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہات میں بیس گھنٹے تک بڑھ گئی۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار موسم سرما کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ تمام حدیں پار کر گئی ہے۔ پیپکو ذرائع کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار صرف 7 ہزار جبکہ طلب 13 ہزار میگاواٹ سے بھی زیادہ ہے اور شارٹ فال چھ ہزار تک بڑھ گیا ہے۔ پیپکو ذرائع کے مطابق پی ایس او نے بھی رقم نہ ملنے پر پیپکو کو تیل کی فراہمی بند کر دی ہے جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ہے۔ شہروں میں بارہ بارہ گھنٹے اور دیہات میں بیس گھنٹے لوڈشیڈنگ کے باعث عوام ،تاجراور دیگر طبقے شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہیں۔ انہوں نے سردیوں میں لوڈشیڈنگ کی اس صورتحال کو حکومت کی واضح ناکامی قرار دیا ہے۔