16 مئی ، 2014
اسلام آباد …ایم کیو ایم نے الطاف حسین کے شناختی کارڈ کے معاملے پر قومی اسمبلی سے واک آوٴٹ کیا۔ آصف حسنین نے کہا کہ متعصبانہ سوچ ختم نہ کی گئی تو کروڑوں لوگ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ عابد شیر علی کہنے لگے الطاف حسین نے پاکستانی شہریت چھوڑ دی، اب دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، قانونی طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہاکہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا، موسم کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں کمی ہوئی جو وقتی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی وجہ سے ایوان چل رہا ہے، حکومت کے خلاف ہلکی پھلکی موسیقی جاری ہے، پکا راگ نہیں گایا جا رہا، طالبان کے ساتھ مذاکرات کے بعد بجلی کے معاملے پر بھی کل جماعتی کانفرنس ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف لوڈ شیڈنگ پر بحث سمیٹنے لگے تو پیپلز پارٹی کی شفگتہ جمانی نے کورم کی نشاندہی کردی، کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔