16 مئی ، 2014
کراچی…کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سلیمان لاشاری قتل کیس کے مرکزی ملزم سلمان ابڑو کا 7روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا۔ مقدمے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کراچی میں سلیمان لاشاری قتل کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔ جج سلیم رضا بلوچ کی عدالت میں بذریعہ ایمبولینس زخمی مرکزی ملزم سلمان ابڑو کو لایا گیا، سلمان ابڑو کو اسٹریچر پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا ۔عدالت میں دیگر 4ملزم پولیس اہلکار راشد، یاسین جمالی، عمران علی اور مقبول بروہی کو بھی پیش کیا گیا۔عدالت نے سلمان ابڑو کو 7روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دیتے ہوئے دیگر ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں بھی مزید 7روز کی توسیع کا حکم دیا ۔پانچوں ملزمان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو عینی شاہدین شناخت کرچکے ہیں۔سرکاری وکیل عبدالمعروف ایڈووکیٹ نے بتایا کہ مقدمے کی شفاف تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے،ملزم سلمان ابڑو جب تک اسپتال سے ڈسچارج نہیں ہوجاتا اس سے تفتیش وہیں کی جائے گی۔ملزمان کے خلاف ڈیفنس کے علاقے میں سلیمان لاشاری کے گھر پر حملے اور اسکے قتل کا مقدمہ درج ہے۔اس واقعے میں جوابی فائرنگ میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور ملزم سلمان ابڑوسمیت چار سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوگئے تھے۔