21 مئی ، 2014
کراچی…کراچی ایک بار پھر دھماکے سے گونج اٹھا ۔رینجرز ہیڈ کوارٹر نارتھ ناظم آباد کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون اور رینجرز اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے قریب ہونے والے دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا، علاقے میں بڑی تعداد میں موجود اسکولوں میں بچے سہم گئے جبکہ بے شمار اسکولوں کو فوری طور پر بند کردیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر کے مطابق دھماکا سچل رینجرزکے ہیڈ کوارٹر کے قریب واقع بیکری کے نزدیک کھڑی موٹر سائیکل میں نصب 5کلو گرام دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوا،دھماکا اتنا زوردار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دھماکے سے فوٹو اسٹیٹ شاپ، دودھ کی دکان اور بیکری کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔