21 مئی ، 2014
کراچی…جیو کے خلاف گھٹیا مہم چلانے والے اے آر وائی چینل کے خلاف پیمرا میں ہزاروں شکایات درج کرائی جاچکی ہیں لیکن پیمرا کے چند متعصب ارکان نے اسے ایک بھی نوٹس جاری نہیں کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آر وائی چینل نے ماضی میں قابل اعتراض ویڈیو کو چار بار نشر کیا جس پر پیمرا کو شکایات موصول ہوئی تھیں، اب بھی جیو پر نادانستگی میں نشر کیے گئے ویڈیو کلپ کو اے آر وائی نے 60سے زیادہ بار چلایا۔ اس پر ناظرین نے پیمرا کو 652شکایات ارسال کیں۔ اب تک مجموعی طور پر اے آر وائی کے خلاف2085شکایات درج کرائی جاچکی ہیں لیکن پیمرا نے ان سنگین غلطیوں پر اسے ایک بار بھی نوٹس جاری نہیں کیا۔ بعض دوسرے چینلز کے خلاف بھی ہزاروں شکایات پیمرا کے پاس موجود ہیں لیکن وہ آج تک کارروائی کا انتظار کررہی ہیں۔ اس کے برعکس پیمرا کے بعض مخصوص ارکان پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا نیٹ ورک جیو کو نشانہ بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ ان کا جانبدارانہ اور متعصبانہ رویہ دیکھ کر یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا کوئی ان سے یہ سب کروارہا ہے؟