پاکستان
22 مئی ، 2014

نواز شریف کو مودی کی تقریب حلف برداری میں جانا چاہیے،خورشید شاہ

نواز شریف کو مودی کی تقریب حلف برداری میں جانا چاہیے،خورشید شاہ

اسلام آباد …قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنی چاہیئے، ایسے جذبے سے خطے کے حالات میں بہتری آئے تو عوام سکھ کا سانس لیں گے، تیسری قوت کی مداخلت سے جمہوریت سے ہٹ کر کوئی کام کیا گیا تو ملک کو نقصان ہو گا۔پارلیمنٹ ہاوٴس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف کو نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں جانا چاہیئے، پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات دونوں ملکوں کے غریب عوام کے مفاد میں ہیں،لڑائیوں سے درگزر اور ملکی ترقی کے لیے کام ہونا چاہیئے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ تیسری قوت کی مداخلت سے جمہوریت سے ہٹ کر کوئی کام کیا گیا تو ملک کو نقصان ہو گا، خلق خدا کی مرضی کے خلاف جو بھی کام ہوا اس کا نتیجہ اچھا نہیں نکلا، 1965 ء کی جنگ میں عوام فوج کے ساتھ کھڑے تھے تو پاکستان کو کامیابی ملی،1971ء میں عوام ساتھ نہیں تھے تو بنگلا دیش بن گیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ دہشت گردی سے متعلق اگر حکومت نے بر وقت درست فیصلہ نہ کیا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی، مسلم لیگ ن کے اندرونی اختلافات سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتے کیوں کہ پیپلزپارٹی جمہوری جماعتوں کی توڑ پھوڑ پر یقین نہیں رکھتی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے اس بیان کو امتیازی قرار دیا کہ شہروں میں کم اور دیہات میں زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن الیکشن میں یہ کہہ کر عوام کو بے وقف بناتی رہی کہ 6ماہ میں بجلی دے گی، ن لیگ اب حکومت میں ہے ، عوام کو بجلی دے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جیو نے پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف بات کی مگرہم انتقام کی سیاست نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :