24 مئی ، 2014
کراچی…محمد رفیق مانگٹ… برطانوی خبر رساں ادارے رائٹر نے رپورٹرز ود آوٴٹ بارڈرز کے حوالے سے لکھا کہ پاکستان میں پیمرا کے تین ارکان کی طرف سے جیو نیوز کے تین چینلز جیو نیوز، جیو تیز اور جیو انٹرٹینمنٹ کی بندش اور ان کے لائسنس کی معطلی کا حکم ایک خطرناک اقدام ہے۔رپورٹرز ود آوٴٹ بارڈرز کے ایشیا پیسفک کے سربراہ بینجمن اسماعیل کا کہنا ہے کہ جیو کو بند کرنے کے لئے پیمرا کے تین ممبران کی طرف سے عجلت میں کیا جانے والا فیصلہ اور فوراً اس سے لاتعلقی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کچھ خاص حکومتی نمائندے جیو کی نشریات کو بند کرنے لئے کوئی بھی ذریعہ استعمال کرنا چاہتے ہیں،جس کے لئے وہ غیر قانونی طریقہ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ بینجمن اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم پیمرا کو اس بات کی تاکید کرتے ہیں کہ انہیں کسی کے دباوٴمیں نہیں آنا چاہئے اور ہم یہ یقین دہانی کراتے ہیں کہ آزادی اظہار رائے کو قانون تحفظ فراہم کرتا ہے۔