25 مئی ، 2014
کوئٹہ …سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی ٹی وی چینل کے لائسنس اور کسی بھی اخبارکے ڈیکلریشن کی منسوخی قابل قبول نہیں ہوگی،تمام ادارے ضابطہ اخلاق پر عمل کریں، میڈیا کی آزادی کیخلاف کوئی کارروائی کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔کوئٹہ میں کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اجلاس میں حامد میرپرقاتلانہ حملے اور اس کے بعد کے حالات اورواقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی سے متعلق ہونے والی کوریج پرتشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ تمام ادارے ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔ اعلامیے کے مطابق کوریج پر وزارت دفاع کی پیمرا میں شکایت زیرسماعت ہے اس کے باوجود مختلف مقامات پرکیبل آپریٹروں نے اپنے طورپرجیو کی نشریات بند کردی ہیں اور روزنامہ جنگ کی ترسیل میں جگہ جگہ رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات غیرقانونی ہیں، حکومت ذمے داروں کے خلاف کارروائی کرے، یک طرفہ اقدامات سے حالات کو بہتربنانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی پی این ای میڈیا کی آزادی کیخلاف کارروائی کسی صورت قبول نہیں کریگی،کسی ٹی وی چینل کے لائسنس یا اخبار کے ڈیکلیریشن کی منسوخی قابل قبول نہیں ہوگی۔ اجلاس میں میڈیا ہاوٴسزکی ایک دوسرے کیخلاف چلائی جانے والی مہم پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے بلوچستان کے شہید صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہاریکجہتی کیا۔