25 مئی ، 2014
کراچی…پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما رضا ربانی کا کہنا ہے کہ اے این پی ، مسلم لیگ ق اور بی این پی عوامی کے ساتھ ملکر تحفظ پاکستان آرڈیننس بل میں 12 ترامیم کے لیے تجاویز جمع کرالی ہیں۔ بل کا نام تبدیل کرکے پروٹیکشن فار پاکستانی سٹیزن رکھا جائے۔ رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس کو موجودہ حالت میں قبول نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ بل کی مدت تین سال سے کم کرکے دو سال کی جائے اور اپیل کا حق ہائی کورٹ میں بھی ملنا چاہیے۔ رضا ربانی نے کہا کہ ترامیمی مسودے میں انسانی حقوق کا خیال رکھا ہے، افواج کو فائرنگ کا حق محدود کیا ہے۔ ترامیم کے تحت کسی بھی واقعے کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کیا جائے گا۔ جبکہ گرفتار شخص کو 24 گھنٹوں کے اندر عدالت میں پیش کرنا لازم ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریمانڈ کو 45 دن تک رکھا گیا ہے جبکہ گرفتار شخص کو ہر 15 دن میں عدالت کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔