25 مئی ، 2014
فیصل آباد…وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان بنیادی طور پر جذباتی ہیں، ان کے ارد گرد موجود لوگ انھیں استعمال کرکے کسی کا ایجنڈا پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان فیصل آباد کی کون سی خدمت کرنے آرہے ہیں، کون سی خوشخبری لارہے ہیں، کون سی امید دلانے آرہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان سے سوال کیا کہ وہ کیوں ہر جگہ، ہر چوک اور سڑک پر دھرنا دینا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بنیادی طور پر جذباتی واقع ہوئے ہیں، ان کے گرد موجود لوگ انہیں کبھی میڈیا چینل سے اور کبھی عدلیہ سے لڑوا دیتے ہیں، یہ لوگ انھیں استعمال کر کے کسی اور کا ایجنڈا پورا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کا لوگوں کی خدمت اور سیاست میں مقابلہ کرسکتے ہیں لیکن اگر عمران خان تقریر کر کے لوگوں کو ٹینشن دیتے ہیں تو اس کا مقابلہ انٹرٹینمنٹ ہے، لوگوں کی خدمت اور سیاست میں عمران خان کا مقابلہ کریں گے، اگر عمران خان تقریر کرکے لوگوں کو ٹینشن دیتے ہیں تو اس کا مقابلہ میوزیکل شو ہے پھر ہم عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے ، ان کا مقابلہ نصیبو لال کرے گی۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن ، ضمنی الیکشن، بلدیاتی الیکشن، مڈٹرم الیکشن سب ہوتے رہیں گے، مگر ملک سب سے اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے تو عدالتیں موجود ہیں اور اگر الیکشن کے طریقہ کار میں بہتری لانی ہے تو پارلیمنٹ موجود ہے۔