پاکستان
25 مئی ، 2014

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد ہ عوامی سمندر تعمیری تبدیلی لائے گا ، خالد مقبول

الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد ہ عوامی سمندر تعمیری تبدیلی لائے گا ، خالد مقبول

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کے بنیادی حقوق کو سلب نہیں ہونے دیاجائے گا ، ایم اے جناح روڈ پر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع عوامی سمندر اٹھے گا تو تباہی نہیں تعمیری تبدیلی لائے گا کیونکہ یہ کوئی سونامی نہیں ہے یہ تبدیلی کا سمندر ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر پر الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد کی گئی تاریخی اور فقید المثال ریلی کے لاکھوں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تاریخی اور عظیم الشان ریلی میں مختلف قومیتوں اور مذہبی اقلیتوں کے افراد ، علمائے کرام ، وکلاء ، ڈاکٹرز ، انجینئر ز ، صحافی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی جنہو ں نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور ایم کیوایم کے پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ قائد اعظم  کی مشعل قائد ملت اور آج قائد تحریک کے ہاتھ میں ہے ، ہم بار بار کہتے ہیں کہ پاکستان بنایا تھا ، پاکستان بچائیں گے ، آج یہ بیس لاکھ کا مجمع الطاف حسین کے اپنوں کا مجمع ہے ، ہم برطانوی حکومت سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ قائد تحریک الطاف حسین کا یہ جرم ہے کہ جس طرح آپ کے ملک میں امن ہے اسی طرح میرے ملک میں امن ہو ، جس طرح آپ کے ملک میں جمہوریت ہے پاکستان میں جمہوریت ہو پھر آپ ہمیں کس جرم کی سزا دے رہے ہیں ، الطاف حسین نے کبھی کچھ نہیں لیا دیا ہی دیا ہے نام ، پہچان ، شناخت دی ہے ، بھٹکے ہوئے کو راستہ دیکھایا ہے اور حقوق کا شعور دیا ہے ۔ الطاف حسین اس دور کے سقراط ہیں وہ زہر کا پیالہ تو پی سکتے ہیں لیکن سچ بولنے سے نہیں رک سکتے ، الطاف حسین امر ہیں اور تاریخ میں موجود رہیں گے کیونکہ تم نے ایک حق پرست صدیوں پہلے بھی شہید کیا لیکن وہ تاریخ میں ٹیپو سلطان کے نام سے زندہ رہا ۔ انہوں نے پاکستان آرمی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کیسی خوش نصیب آرمی ہے جس کے ہراول دستے کیلئے الطاف حسین کے دستے کے 20لاکھ افراد یہاں موجود ہیں ۔رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کی ریلی گورے انگریزوں کے ظلم و ناانصافی کے خلاف ہے ، الطاف حسین پاکستان کے استحکام ، سلامتی کی ضمانت ہیں تو آج الطاف حسین کو یہ کردار ادا کرنے سے روکا جارہا ہے ، پاکستان بچانے کے عمل سے الطاف حسین کو علیحدہ کیا جارہا ہے اور لندن میں ان کے بنک اکاؤنٹ بند کئے جارہے ہیں چنانچہ آج پھر ایم اے جناح روڈ پر ایک اور عوام کی عدالت لگی ہے اور اس لاکھوں کی عدالت نے بھی یہ فیصلہ دیا ہے کہ ناانصافی پاکستان یا برطانیہ میں ہو ، ناجائز اقدام پاکستان میں ہو یا برطانیہ میں ہو ہم اپنی آزادی کے تحفظ کو اچھی طرح جانتے ہیں اس ظلم و ناانصافی کے خلاف بھی انشاء اللہ تعالیٰ پرامن اور جمہوری جدوجہد کو اس وقت تک جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمران کو باور کراتے ہوئے سوال کیا کہ اگر متحدہ قومی موومنٹ پولیس کی تحقیق میں تعاون کررہی ہے تو پھر الطاف حسین اور ایم کیوایم کے مختلف رہنماؤں کو برطانیہ میں کیوں ہراساں کیاجارہاہے ؟ انہوں نے کہاکہ کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا ، مقدمہ چلا نہیں ، جرم ثابت نہیں ہوا اور کوئی فیصلہ عدالت سے نہیں آیا ہے پھر الطاف حسین اور ایم کیوایم کے بنک اکاؤنٹ کیوں بند کئے جارہے ہیں ؟۔ رابطہ کمیٹی کے رکن حیدر عباس رضوی نے کہاکہ ایم کیوایم کے سچے وفادار کارکنان بانی و قائدالطاف حسین کو اظہا ریکجہتی ریلی میں دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کررہے ہیں ، آج الطاف حسین سے اپنی سچی محبت کے اظہار کیلئے لاکھوں کی تعداد میں تبت سینٹر سے لیکر تین ہٹی چوک تک ان کے دیوانوں ،پروانوں اور متوالوں کا جلسہ ثابت کررہا ہے کہ الطاف حسین کے چاہنے والے اپنے قائد پر اس طرح سے مر مٹنے اور جانیں دینے کو تیار ہیں، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون سے اپیل ہے کہ الطاف حسین اس ملک کے واحد سیکولر اور سیاسی جماعت کے رہنما ہیں ، ان کی بات کو سنا جائے ان کی مشکلات کو آسان کیاجائے۔ سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی نے کہاکہ الطاف حسین تحریک کو جلد منزل پر پہنچائیں گے۔ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن غازی صلاح الدین نے کہاکہ ایم کیو ایم متوسط طبقے کی جماعت ہے ،اسے ختم نہیں کیا جاسکتا، یاد رکھاجائے کہ الطاف حسین زندہ ہے اور زندہ رہے گا ۔ایم کیوایم سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے رکن بیرسٹر سیف نے کہاکہ جب دنیا میں فرعون نمرود ، یزید پیدا ہوتے ہیں تو موسی ، ابراہیم اور حسین پیدا ہوتے ہیں، اورجب ملک میں سازشی جبر وستم کا سلسلہ بڑھاتے ہیں تو ایک اور الطاف حسین پیدا ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں چند بنک اکاؤنٹ بند کردینے سے کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ الطاف حسین کوپریشان کردیں گے انہیں یہ عمل بند کردینا چاہئے ، پاکستان میں رہنے والے کالے انگریز الطاف حسین کا کچھ نہیں بگاڑ سکے تو انشاء اللہ گورے انگیریز بھی کچھ نہیں بگاڑ سکتے ۔حق پرست رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہاکہ الطاف حسین کے بنک اکاؤنٹ ان کی عوامی طاقت ہے اور ان کے برطانیہ میں اکاؤنٹ بند کردینے سے کچھ نہیں ہوگا ۔ صوبائی وزیر عبد الرؤف صدیقی نے کہاکہ تبت سینٹر پر فقید المثال ریلی عشق ، محبت اور عقیدت کا سفر ہے ،۔بشپ صادق ڈینیل نے کہا کہ الطاف حسین کو مشکلات کا شکار کیاجارہا ہے میں سمجھتا ہوں کہ ناانصافی کسی کے ساتھ نہیں ہونی چاہئے ۔

مزید خبریں :