25 مئی ، 2014
لاہور…لاہور میں جنگ گروپ کی اخبارات لیجانے والی وین پرنامعلوم کار اور موٹرسائیکل سواروں نے پٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی ،جس کے نتیجے میں اردو اور انگریزی اخبارات کی 12 ہزار سے زائد کاپیاں جل گئیں،تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا،زاہد شیروانی کی رپورٹ کے مطابق جنگ،دی نیوز،وقت اورآواز اخبارات سے بھری گاڑی صبح پانچ بجے ڈیوس روڈ سے ہزاروں اخبارات لیکر اخبار مارکیٹ کی جانب چلی ،ایبٹ روڈ پر پہنچی تھی کہ کاراور موٹرسائیکل سواروں نے اسے روکنے کی کوشش کی ،ڈرائیور نے وین بھگا دی جس پر نامعلوم حملہ آوروں نے اسے پی ٹی وی اسٹیشن کے سامنے روک لیا،ڈرائیور کو گالیاں اور دھمکیاں دیں ،اور وین پر پٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی،وین ڈرائیور نثار جلتی گاڑی سے زندہ نکلنے میں کامیاب ہو گیا ، فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچ گیا اور آگ پر قابو پایا،آگ لگنے سے اردو اور انگریزی اخبارات کی ہزاروں کاپیاں ضائع ہو گئیں ،تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں وین پر حملے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا گیا،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کیلیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جا رہی ہے،ملزموں تک جلد پہنچ جائیں گے۔