26 مئی ، 2014
پشاور…سینئر صحافی حامد میر نے پشاور پریس کلب میں حامد میر ویک کے سلسلے میں تقریب سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صحافت پر کو ئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ہفتہ حامد میر کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد خیبر یونین آف جرنلسٹس اور پشاور پریس کلب نے کیا تھا۔ اس موقع پر صحافتی تنظیموں ، سول سوسائٹی ، سیاسی مذہبی جماعتوں اور قبائلی رہنماوٴں سمیت دیگر شعبوں سے متعلقہ افرادکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سینئر صحافی حامد میر نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اوپر ہونے والے حملے کو صحافت پر حملہ قرار دیا ۔سینئر صحافی حامد میر کا کہناتھا کہ جیو جنگ کے خلاف سازش ہورہی ہے۔ 2007 میں بھی میڈیا کو دبانے کی کوشش کی گئی، تاہم آزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔ وہیل چئیر پر بھی بیٹھ کر اسکے خلاف باہر نکلنا پڑا تو نکلوں گا جبکہ انھوں نے دوسرے چینلز کی طرف سے جیو اور جنگ گروپ کے خلاف سازشیں کرنے والے اینکرز کو بھی بے نقاب کیا۔سینئر صحافی حامد میر نے میڈیا کو آپس میں لڑانے کی سازشوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافت کو دبانیکے لیے آج جیو تو کل کسی دوسرے چینل یا اخبار کو بند کیا جائے گا۔