28 مئی ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کلید بردار( Key holder) خانہ کعبہ، شیخ عبدالقادر الاشیبی کی شدید علالت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اوران کی صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضورخصوصی دعا کی ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے مسلم امہ بالخصوص حق پرست ماوٴں، بہنوں ، بزرگوں اورکارکنوں سے اپیل کی کہ وہ شیخ عبدالقادر الاشیبی کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کریں۔ واضح رہے کہ کلید بردار خانہ کعبہ،شیخ عبدالقادر الاشیبی شدید علیل ہیں اور شدید علالت کے باعث امریکہ کے مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔دریں اثناء متحدہ قو می موو منٹ کی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک کی طرف سے بجلی کے صارفین کو زائد بلوں کے بھیجے جانے پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ را بطہ کمیٹی نے کہا کے بجلی کی چوری کی روک تھام کے لئے منا سب اقدامات کی ضرورت ہے اور جو لوگ بجلی چوری کر رہے ہیں ان سے نیپرا کے قوانین کے مطابق زائد بلوں کی وصولی کی جانی چا ہئے مگر عوام کی طر ف سے یہ شکایات تواتر کے ساتھ آرہی ہیں کہ اکثر ایسے صارفین کو بھی چو ری کی مد میں اضافی بل بھیجے جا رہے ہیں جو بجلی کی چوری میں ملوث نہیں ہیں۔ صارفین جب اپنی شکایت کے الیکٹرک (K-Electric) کے متعلقہ دفتر میں دا خل کر تے ہیں تو ان سے کہا جا تا ہیں کہ اب بل بن چکا ہے اور اس کو لازمی جمع کر وانہ ہو گا ۔ را بطہ کمیٹی نے کہا کے اگر کسی صارف نے بجلی چوری نہیں کی اس کو زائد بل بھیجنا اور اس کی ادئیگی پر اصرار کر نا سراسر زیادتی اور نا انصافی ہے، را بطہ کمیٹی نے کہا کے ایم کیو ایم کے عوامی نمائندوں کے پاس زائد بلوں سے متعلق شکایات کے انبار لگ گئے ہیں اور روزانہ لوگ اپنی شکایت کے حل کے لئے عوامی نمائدوں کے دفتر وں سے رجوع کر رہے ہیں، رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک (K-Electric )کی انتظامیہ پر زور دیا کہ زائد بلوں کی شکایت پر فوری تو جہ دیں اور اس میں ملوث افسران کے خلاف تادیبی کاروائی کریں ۔