28 مئی ، 2014
اسلام آباد…قائد ملت ِجعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ انسانیت و شریعت کو درپیش مسائل سے نجات کیلئے دامن محمد و آل محمدعلیہم السلام سے عملی وابستگی ضروری ہے ۔یہ بات انہوں نے یکم تا7شعبان المعظم ہفتہ ولائے محمد و آل محمد منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شعبان المعظم کا پہلاہفتہ معرکہ کربلا کے مرکزی کرداروں حضرت زینب و زین العابدین ،حضرت امام حسین و حضرت عباس علمدار اور حضرت قاسم ابن حسن جیسے خانوادہ اہلبیت کے عظیم ترین نورانی افراد کی ولادت باسعادت کی خوشیوں کے سعید لمحات سے معمور ہے جنہوں نے اطاعت رسول سے سرشار اور حیدری افکار و کردار سے لیس ہو کر تپتے صحرائے کربلا میں محبت ، ایثار و قربانی کے وہ عظیم کارنامے سر انجام دےئے جو رہتی دنیا تک کیلئے نمونہ کامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حدیث رسول ہے کہ میرے اہلبیت کی مثال کشتی نوح جیسی ہے جو اس میں سوار ہوا وہ نجات پا گیا اور جس نے گریز کیا وہ غرق ہوگیا ۔انہوں نے یہ بات زوردیکرکہی کہ عالم اسلام اور پاکستان کو گرداب سے نکالنے کیلئے کربلا والوں کی راہ اختیا رکرنا ہوگی اسلامیان عالم یکم تا 7 شعبان کربلا کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ”ہفتہ ولائے محمد و آل محمد “ منا کر اجر رسالت ادا کریں۔درایں اثناء ہفتہ ولائے محمد و آل محمد کے پروگراموں کے انعقاد کیلئے ٹی این ایف جے کی مرکزی کمیٹی قائم کردی گئی ہے جس کا کنوینر میثم تمار جبکہ سیکرٹری مالک اشتر اور سید نصر عباس کاظمی # وسید جعفر عباس کاظمی کو معاونین نامزد کیا گیا ہے۔