11 جنوری ، 2012
لندن…جنگ نیوز… متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حروں کے روحانی پیشوا اور پاکستان کی بزرگ سیاسی شخصیت پیر صاحب پگارا کی وفات پر دلی صدمے اور گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو یہاں جاری اپنے تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے پیر صاحب پگارا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیر صاحب پگارا محض مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ ہی نہیں بلکہ پاکستان کی ایک نہایت محترم اور بزرگ سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے پاکستان کی سیاست میں نہایت اہم کردار ادا کیا، ان کے انتقال سے پاکستان کی سیاست کا ایک عہد ختم ہو گیا، جسے پاکستان کی سیاسی تاریخ کبھی فراموش نہیں کر سکے گی، ان کے انتقال سے ملکی سیاست میں جو خلاء پیدا ہو گیا ہے وہ پر نہیں ہو سکتا۔ الطاف حسین نے پیر صاحب پگارا کے صاحبزادوں سمیت اہل خانہ، ان کے خلفاء، مریدوں، پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماوٴں اور کارکنوں سمیت تمام عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت ایم کیو ایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پیر صاحب پگارا کی مغفرت فرمائے، مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور تمام سوگواروں کو صبر جمیل عطا کرے۔ الطاف حسین نے تمام عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پیر صاحب پگارا کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کریں۔