29 مئی ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں سے ایم کیوایم کارکنان و ہمدووں کی گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم ناظم آباد گلبہار سیکٹر یونٹ 180کے کارکنان سہیل ،وجاہت ، عدنان زیدی، فہد افتخار، خرم رشید ، اور ہمدرد عمرکو علاقے سے گرفتار کیا ہے اس کے علاوہ لانڈھی سیکٹر یونٹ 86کے کارکن محمد ندیم کو رینجرز نے گرفتارکیا ہے،رابطہ کمیٹی نے رینجرز کے مقامی افسران اور ڈی جی رینجرز سے مطالبہ کیا کہ گرفتار شدہ کارکنان کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اگر یہ کارکنان کسی مقدمہ میں مطلوب ہیں تو ان کو عدالت میں پیش کیا جائے، انھوں نے وزیر اعلی اور گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ گرفتار شدہ کارکنان کی جانوں کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے اگر ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہے تو ان کو فی الفو ررہا کیا جائے۔دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے وفاقی اور صوبائی حکومت کی عدم توجہی کے سبب کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل کو لا حق خطرات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ کراچی ملک کا معاشی حب اور میگا سٹی ہے اورپورے ملک کے کُل ریونیو کا 75فیصد سے زائد حصہ کراچی کی صنعتو ں اور تجارتی مراکز سیحاصل ا ہوتا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ وفاقی و صوبائی حکمران کراچی کے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے میں تنگ نظری کا مظاہر ہ کر رہے ہیں ۔رابطہ کمیٹی نے جاپان انٹر نیشنل کا رپوریشن ایجنسی (JICA)کی جانب سے سندھ حکومت کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ JICAنے گزشتہ پانچ برسوں سے شہرمیں 8کلومیٹر کے رقبے پر سے ناجائز قبضے اور تجا وزات نہ ختم کئے جانے کے سبب ماس ٹرانزٹ منصوبے پر کام سے معذرت کی جو کہ کراچی کے مستقل شہریوں کے لیے تشویش کا سبب ہے۔رابطہ کمیٹی نے صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور نا انصافی کا نوٹس لیکر کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے سے متعلقJICAکی شکایات کا ازالہ کرکے شہر میں ماس ٹرانزٹ کے عظیم الشان منصوبے پر فی الفور کام شروع کروائیں تاکہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے ملک کے میگا سٹی کراچی کو اسکا جائز حق فراہم کیا جاسکے ۔