پاکستان
02 جون ، 2014

یوسف گیلانی اورراجہ پرویزسے الطاف حسین کا رابطہ،حمایت کی یقین دھانی

 یوسف گیلانی اورراجہ پرویزسے الطاف حسین کا رابطہ،حمایت کی یقین دھانی

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سابق وزرائے اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی اورراجہ پرویز اشرف سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ وہ اللہ کے انصاف پر بھروسہ رکھیں ، اللہ تعالیٰ کے ہاں دیر ہے اندھیرنہیں ہے ۔ انشاء اللہ سچ کا بول بالا ہوگا اور جھوٹوں کو عبرتناک شکست ہوگی۔راجہ پرویزاشرف نے الطاف حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے جس طرح آزمائش کے وقت مجھ جیسے ایک غریب ومتوسط طبقہ کے سیاسی کارکن کی حوصلہ افزائی کی ہے اسے تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ میرے پاس آپ کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں ہیں،ملک بھر میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے آپ کے اس بیان کو بے حدسراہا ہے اور وہ اس کڑے وقت میں ایم کیوایم کی حمایت پر اس کے شکرگزار ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت وتندرستی اور درازی عمر عطافرمائے اورآپ کا حق پرستانہ مشن کامیابی سے ہمکنار ہو۔(آمین)۔ دریں اثناء الطاف حسین نے یوسف رضا گیلانی سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پہلے آپ کو وزارت عظمیٰ کے منصب سے ہٹایا گیا پھر آپ کے جوان بیٹے کو اغواء کیا گیا جوآج تک بازیاب نہیں کرائے گئے ہیں، کسی بھی ماں باپ کیلئے جوان اولاد کی جدائی سے بڑھ کر کوئی اور صدمہ نہیں ہوتا،ابھی آپ اس صدمہ سے ہی نہیں سنبھل پائے کہ اب سیاسی انتقام کی بنیاد پر مقدمات قائم اورناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں اوریہ بھی اطلاعات ہیں کہ آپ اور پی پی پی کے دیگر رفقاء کے بیرون ملک جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں ان سیاسی انتقامی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتا ہوں اور حکومت سے مطالبہ کرتاہوں کہ وہ اپوزیشن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے سے بازرہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ اصولی طور پر پی پی پی کی اعلیٰ ترین قیادت کو اپنی جماعت کے رہنماوٴں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے پر خاموش نہیں رہنا چاہیے تھا اور اس پر سخت احتجاج کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے یوسف رضا گیلانی سے کہاکہ آپ کی جماعت کا خواہ کوئی بھی رویہ ہو لیکن ایم کیوایم اس آزمائش کی گھڑی میں آپ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وہ ہرظلم وناانصافی کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔یوسف رضا گیلانی نے الطاف حسین کے خیالات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :