02 جون ، 2014
اسلام آباد…کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز نے ملتان میں روزنامہ جنگ کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر ظفر آہیر پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مدیروں اورصحافیوں کو مناسب سکیورٹی فراہم کریں۔ اپنے ایک بیان میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپرایڈیٹرز کے صدر مجیب الرحمان شامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے کہا کہ ظفر آہیر پر حملہ صحافت کو کچلنے کی انتہائی مذموم اور سفاکانہ کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدیران اخبار ،صحافیوں اوراخباری عملے کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنے پر بار ہا زور دینے کے باوجود دہشت گردی کی شکایت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ظفر آہیر پر تشدد کرنے والے ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعے سزا دلوائے تاکہ صحافی اپنے پیشہ ورانہ فرائض آزادانہ و غیر جانبدارانہ طور پر بلا کسی خوف وخطر انجام دیتے رہیں۔