پاکستان
03 جون ، 2014

کراچی میں جنگ اخبار لے جانے والی گاڑی کو آگ لگادی گئی

کراچی میں جنگ اخبار لے جانے والی گاڑی کو آگ لگادی گئی

کراچی…کراچی کے علاقے حسن اسکوائر میں جنگ اخبار کی کاپیاں لے کر ڈپو جانے والی گاڑی کو آگ لگادی گئی ، 4ہزار سے زیادہ جنگ اخبار کی کاپیاں جل کر راکھ ہوگئیں ، جیونیوز کو جنگ اخبار کی جلتی ہوئی گاڑی کی فوٹیج جیودوست سے موصول ہوگئی ہے ۔ملک بھر میں جیو اور جنگ کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں۔پنجاب کے مختلف شہروں کے بعد اب کراچی میں بھی روزنامہ جنگ کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ کراچی کے علاقے حسن اسکوائر پر واقع اخبار ڈپو پر علی الصبح پہنچنے والی گاڑی کو 2نامعلوم ملزمان نے آگ لگادی۔ گاڑی میں جنگ اخبار کی 4 ہزار سے زائد کاپیاں موجود تھیں۔ وین کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اس نے گاڑی روکی ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد نے اس سے پوچھا کہ کون سے اخبارات ہیں؟ڈرائیور نے بتایا کہ جنگ اخبار کی کاپیاں ہیں ،پھر ملزمان نے لمحہ بھر میں گاڑی پر کیمیکل چھڑک کر آگ لگادی ۔ڈرائیورنے بتایا کہ وہ کیونکہ گاڑی سے باہر تھا اس لیے محفوظ رہا۔عینی شاہدین نے جیو نیوز کو بتایا کہ ملزمان آگ لگانے کے بعد کچھ دیر وہیں رکے رہے اور پھربا آسانی فرار ہوگئے۔ فائر بریگیڈ نے موقعے پر پہنچ کر آگ بجھائی،لیکن اس وقت تک گاڑی مکمل طور پرجل چکی تھی۔ اخبار فروش یونین کے سیکریٹری مالیات جاوید امین کا کہنا ہے کہ ان واقعات کے بعد اخبار فروشوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے تاہم تمام اخبار فروش جنگ کے ساتھ ہیں۔

مزید خبریں :