03 جون ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ہاتھوں گرفتاری پر ایم کیوایم کے کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج کیا ہے۔کراچی میں نمائش چورنگی پر دھرنا دیا گیا، دھرنے میں رابطہ کمیٹی کے اراکین، رہنما اورکارکنان شریک ہوئے جبکہ دھرنے کی وجہ سے نمائش چورنگی اور اطراف کی سٹرکیں بند ہوگئیں، اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔اسلام آباد میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے۔ حیدرآباد میں الطاف حسین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایم کیو ایم کے کارکنوں نے 9مقامات پر دھرنے دیئے۔ حیدرآباد میں ٹانگا اسٹینڈ، پھلیلی، فقیر کاپڑ، پکا قلعہ چوک، سبزی منڈی چوک، خداحافظ چوک، لطیف آباد یونٹ 7اور 12، سنگم اور حیدر چوک پر دھرنا دیا گیا۔ نواب شاہ میں پرانی سبزی منڈی ریلوے پھاٹک پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے دھرنا دیا، نوابشاہ میں کراچی جانے والی نائٹ کوچ کو بچھیری ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ پشاور میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا، کارکنان نے لندن میں الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگائے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔لاہور میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا اور الطاف حسین کے حق میں اوربرطانوی پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔کوئٹہ میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔لاڑکانہ میں ایم کیوایم کے تحت الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے جناح باغ چوک کے سامنے احتجاج کیا۔جیکب آباد میں ایم کیوایم کے کارکنوں نے الطاف حسین سے اظہارِیکجہتی کے لیے پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔