پاکستان
04 جون ، 2014

الطاف حسین کو بین الاقوامی سازش کا نشانہ بنایا جارہا ہے،خالد مقبول

 الطاف حسین کو بین الاقوامی سازش کا نشانہ بنایا جارہا ہے،خالد مقبول

شکاگو…متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ لندن سے آنے والی خبروں نے الطاف حسین کے دنیا بھر میں کروڑوں چاہنے والوں میں شدید بے چینی اور تشویش پیدا کردی ہے، الطاف حسین کو بین لاقوامی سازش کا نشانہ بنا کر پاکستان کی واحد لبرل، سیکولر، موڈریٹ اور غریبوں کی نمائندہ جماعت ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، قائد تحریک نے پاکستان کے امن، سلامتی اور مظلوم و محکوم عوام کے حقوق پر کسی سمجھوتے سے ہر دور میں انکار کیا ہے اور یہی ان کا سب سے بڑا جرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کا باب بند کرنے کی کوششیں کرنے والے ہمیشہ ناکام اور نامراد رہے ہیں۔انھوں نے ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم امریکہ کے ہنگامی جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی، جوائنٹ آرگنائزرز محمد ارشد حسین اور ندیم صدیقی سمیت سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ، حق پرست رکن قومی اسمبلی سمن جعفری، چیپٹر انچارجز، مختلف شعبہ جات کے ذمہ داران سمیت کارکنان کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنے مختصر ٹیلی فونک خطاب میں امریکہ کے کارکنان سے کہا کہ وہ آزمائش اور مشکل کی اس گھڑی میں اپنیصفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور قائد تحریک الطاف حسین سے یکجہتی اور محبت کا بھر پور اظہار کرکے دنیا پر یہ ثابت کر دیں کہ ہم قائد تحریک کے خلاف تمام اقدامات اور الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔اس موقع پرجنید فہمی اور ارشد حسین نے الطاف حسین کے حوالے سے لندن میں پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال ، تفصیلات اور حقائق سے کارکنان کو آگاہ کیا،اور کہا کہ الطاف حسین کے خلاف اقدامات کرکے ایم کیو ایم کے کارکنان کے عزم و حوصلے کو توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم مضبوط چٹان کی طرح الطاف حسین کی طرف بڑھنے والے قدموں کو روکیں گے،الطاف حسین ایک ناقابل تسخیر شخصیت اور نظریئے کا نام ہے جسے لالچ، دھونس، دھمکی اور دباؤ سے شکست نہیں دی جاسکتی،ان سے اظہار یکجہتی کے لئے امریکہ کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں کارکنان اور ہمدردوں کے اجتماعات منعقد کئے جائیں گے جس کے لئے ذمہ داران کی جانب سے پاکستانی کمیونیٹی سے بھی فوری رابطے شروع کر دئیے گئے ہیں۔ اجلاس کے آخر میں شرکاء کی جانب سے الطاف حسین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے گئے اور ان کی خیر و عافیت اور صحتیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید خبریں :