پاکستان
05 جون ، 2014

کیبل پر ملک کے90 فیصد علاقوں میں جیو کی نشریات تاحال بند

کیبل پر ملک کے90 فیصد علاقوں میں جیو کی نشریات تاحال بند

کراچی …کیبل پر جیو کے ناظرین آج بھی جیو نیوز اورجیو نیٹ ورک کے دیگر چینلز دیکھنے سے محروم ہیں ، نشریات کی بحالی کے لیے سپریم کورٹ26 مئی کو حکم بھی جاری کر چکی ہے ، لیکن ابھی تک پیمرا کیبل آپریٹرز سے جیو کی نشریات بحال کروانے میں ناکام ہے کیبل پر جیو کی جبری بندش کو ایک ماہ دس دن ہوگئے ، لیکن متعلقہ حکام کیبل آپریٹرز سے اپنی رٹ تسلیم کروانے اور جیو کی نشریات بحال کروانے میں مکمل ناکام رہے، کیبل آپریٹرز نے نہ عوامی جذبات دیکھے، نہ عدالتی فیصلے کو خاطر میں لائے، نہ ان کے پاس جیو کی نشریات بند رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز ہے، صرف ہٹ دھرمی اوراپنی ضد کے باعث جیو کے چینلز بند کیے بیٹھے ہیں، جیو نے اپنے طور پر کیبل آپریٹرز کو خط بھی لکھا اور انہیں یاد دلایا کہ وہ سپریم کورٹ کا حکم نہ مان کر سنگین آئینی و قانونی خلاف ورزی کررہے ہیں اور یہ اگر وہ کسی دھمکی یا دھونس کے باعث جیو کی نشریات بند کیے بیٹھے ہیں تو خود کو درپیش مسائل ریکارڈ پر لائیں، جیسا کہ اب تک انہوں نے نہیں کیا، جیو نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کروانے کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں ایک الگ درخواست بھی دائر کردی ہے اور یہ معاملہ زیر سماعت ہے۔ سپریم کورٹ 26 مئی کے حکم میں پیمرا کو ہدایت کرچکی ہے کہ کیبل پر جیو کی نشریات بحال کروائی جائیں، جبکہ عمل درآمد درخواست پر لاہور ہائی کورٹ یہ ریمارکس دے چکی ہے کہ عدالتی حکم پر پیمرا نے عمل درامد کروانا ہے اور اگر کیبل آپریٹرز پیمرا کے احکامات ماننے سے انکار کرتے ہیں تو ان کا لائسنس منسوخ کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :