پاکستان
05 جون ، 2014

جیو نیوز نے 2007ء کی ایمرجنسی سے متعلق دستاویزات حاصل کرلیں

جیو نیوز نے 2007ء کی ایمرجنسی سے متعلق دستاویزات حاصل کرلیں

اسلام آباد…جیو نیوز نے 2007ء کی ایمرجنسی سے متعلق دستاویزات حاصل کرلی ہیں۔ دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم شوکت عزیز نے 6نومبر 2007ء کو اپنے کابینہ اجلاس میں 3نومبر کی ایمرجنسی کی توثیق کی۔ سابق فوجی صدر پرویز مشرف نے آرمی چیف کی حیثیت سے 3نومبر 2007ء کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کی۔ جیو نیوز کو کابینہ سیکرٹریٹ کی حاصل ہونے والی دستاویزات کے مطابق اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز اور ان کی کابینہ نے 3نومبر کی ایمرجنسی کی توثیق ایمرجنسی کے نفاذ کے تین روز بعد یعنی چھ نومبر کو کابینہ کے اجلاس میں کیا۔ اس وقت کے وزیراعظم شوکت عزیز نے کابینہ کو بتا یا کہ امن عامہ، سیکیورٹی کی غیر معمولی صورتحال اور عدلیہ کے حکومتی کام پر اثرات کے باعث ایمرجنسی ضروری ہوگئی تھی۔ دستاویزات کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا تھا کہ عدالتی ایکٹوازم کے باعث حکومتی رٹ ختم ہو کر رہ گئی تھی۔ کابینہ کے اس روز کے اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر قانون،انصاف و خارجہ امور شریف الدین پیرزادہ نے کابینہ ارکان کو ایمرجنسی کے نفاذ کے پس منظرکے بارے میں بریفنگ دی تھی جبکہ اس وقت کے وزیرداخلہ نے کابینہ کو اپنی بریفنگ میں بتایا تھا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد وکلا نے مکمل طور پر بائیکاٹ کیا مگر مجموعی طور پر امن عامہ کی صورتحال پر امن رہی۔ اس وقت کے وزیر خارجہ نے اپنی بریفنگ میں بتایا تھا کہ ایمرجنسی کے نفاذ کے بارے میں بین الاقوامی ردعمل منفی تھا۔

مزید خبریں :