05 جون ، 2014
فیصل آباد…راول پنڈی خود کش حملے میں شہید ہونے والے کرنل ارشد حسین کو فیصل آباد میں ان کے آبائی علاقے جڑانوالہ میں فوجی اعزازکے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔کرنل ارشد حسین کی نماز جنازہ جڑانوالہ کی ہاوٴسنگ کالونی میں ادا کی گئی ، جس میں پاک فوج کے افسروں، جوانوں، سیاسی رہ نماوٴں ، شہید کے رشتے داروں اور علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی،نماز جنازہ کے بعد شہید کرنل ارشد حسین کو شہروآنہ میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی،آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔کرنل ارشد حسین بدھ کے روز راولپنڈی کے علاقے فتح جنگ میں خود کش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ انھوں نے 1988 میں پاک فوج میں شمولیت اختیار کی تھی، شہید نے دوبیٹیاں ، ایک بیٹا اور بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔دریں اثناء اٹک کے علاقے فتح جنگ کے قریب خود کش حملے میں شہید ہونے والے کرنل محمد ظاہر شاہ کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کی گئی۔ شہید کرنل کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔