06 جون ، 2014
کراچی …نیب نے سرکاری افسران کو بلیک میل کرکے مال بٹورنے والے حکومت سندھ کے ایک اعلی افسر کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیب کی جاری پریس رلیز کے مطابق نیب سندھ کے شعبہ انٹلیجنس اینڈ ویجیلنس نے انٹی کرپشن ڈپارمنٹ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اعجاز علی پٹھان کو حراست میں لے لیا ہے ، ڈپٹی سیکریٹری اعجاز علی پٹھان پر الزام ہے کو وہ مختلف محکموں کے سرکاری افسران کو بلیک میل کرکے ان سے رقم بٹورتا تھا۔ اعجاز علی پٹھان اعلی سرکاری افسران کو پہلے نیب کے جعلی خطوط بھیجتا جس کے بعد انہیں نیب کی خود ساختہ تحقیقاتی رپورٹ بھی ارسال کرکے خوف زدہ کرتا اور ان سے 50 سے 70 لاکھ روپے تک بھتے کا مطالبہ کرتا۔ متاثرہ سرکاری افسران نے اس بارے میں نیب سے رجوع کیا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے بعد نیب نے ڈپٹی سیکریٹری اعجاز علی پٹھان اور اس کے ساتھی علی اضغر گھانگرو کو حراست میں لے کر باقاعدہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔