07 جون ، 2014
مانسہرہ/سرگودھا/سکھر....مانسہرہ، سرگودھا اور سکھر میں ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہو گئے۔سرگودھا میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ سکھر کی سبزی منڈی میں ٹریفک حادثےمیں 5افراد جاں بحق ہو گئے۔مانسہرہ میں گاندھیاں کے قریب کوسٹر کھائی میں گرنے سے 6افراد جاں بحق ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق سرگودھا کے قریب کوٹ مومن میں گاڑی اورٹریلر کی ٹکرسے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق جبکہ دو چھوٹے بچے زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق موٹروے پر کوٹ مومن کے قریب اسلام آباد سے لاہور جانے والا ڈبل کیبن ڈالا ٹائر پھٹ جانے کے باعث ایک ہی خاندان کے 5افرادجاں بحق ہوگئے ۔جن میں 2خواتین بھی شامل ہیں مرنے والوں میں عامر شکور ، باسط ، عاصمہ بی بی آصفہ شکور اور بچی اریفاء بی بی شامل ہیں جبکہ 2بچے ڈھائی سالہ فیاض اور 5سالہ ایمن بی بی زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہیں ۔مرنے والے افراد کا تعلق لاہور سے ہیں ۔ دوسرا حادثہ سکھر میں پیش آیا جہاں سبزی منڈی میں ٹریفک حادثےمیں 5افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔سکھر میں سبزی منڈی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرک اور پک اپ وین آپس میں ٹکرا گئیں ،حادثے کے نتیجے میں 5افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔زخمیوں کو لوگوں نے قریبی اسپتال منتقل کردیا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہلاکتیں بڑھ سکتی ہیں ۔تیسرا حادثہ مانسہرہ میں پیش آیا،گاندھیاں کے قریب کوسٹر کھائی میں گرنے سے 6افراد جاں بحق اور31زخمی ہو گئے۔مرنے والوں اور زخمیوں میں پاک فوج کے جوان بھی شامل ہیں۔پولیس کے مطابق کوسٹر میں سوار مسافر راول پنڈی سے گلگت جارہے تھے ۔ مانسہرہ میں گاندھیاں کے قریب بریک فیل ہونے کی وجہ سے کوسٹر کھائی میں جاگری۔ حادثے میں پاک فوج کے ایک جوان سمیت 6افراد جاں بحق اور 31زخمی ہو گئے۔زخمیوں میں پاک فوج کے 7جوان بھی شامل ہیں جو چھٹیاں گذار کر واپس سیاچن جا رہے تھے۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال مانسہرہ ، ایوب میڈیکل کمپلیکس اور سی ایم ایچ ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔