12 جون ، 2014
اسلام آباد....پختون خوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں ۔ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس یا کل جماعتی کانفرنس بلائی جائے۔قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوریت کو بچانے کے لیے میڈیا، ججوں اور سیاسی جماعتوں پر مشتمل فرنٹ بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اور عسکری قیادت یکساں موقف اختیار کرے۔ دنیا کو بتائیں کہ مل کر پاکستان چلانا چاہتے ہیں،ایسا نہ کیا گیا تو یہ ملک نہیں رہے گا۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے صوبے میں گورننس پر توجہ دیں، آج یہاں جلسہ کل وہاں جلسہ ، یہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کو غیر مستحکم کرنے والے ہر شخص کے خلاف لڑنا چاہئے۔وہ نواز شریف کی جگہ ہوتے تو طاہرالقادری کو گرفتار کر کےواپس کینیڈا بھیجنےکاحکم دےدیتے ۔ محمود اچکزئی نے کہا کہ ایجنسیوں کی جمہوری عمل میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔دعا ہے خدا آئی ایس آئی کو دنیا کی بہترین ایجنسی بنائے۔ کوئی ثابت کردےکہ کسی حکومت سے فائدہ لیا یا کسی سے رشوت لی تو وہ استعفی دے دیں گے۔حکومت اعلان کرے کہ افغانستان خود مختار ریاست ہے۔محمود اچکزئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین میں حملوں کی کڑیاں بھی پاکستان سے ملی ہیں۔