پاکستان
12 جون ، 2014

خیبرپختونخوا بجٹ :صحت کیلئے 8ارب 28کروڑروپے مختص کرنے کی تجویز

خیبرپختونخوا بجٹ :صحت کیلئے 8ارب 28کروڑروپے مختص کرنے کی تجویز

پشاور........خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے لئے 8ارب 28کروڑروپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے جورواں مالی سال کےمقابلے میں 29کروڑ روپے زیادہ ہے۔ حکومت کہتی ہے کہ رواں مالی سال کے ادھورے منصوبوں کوبھی نئے سال میں مکمل کیا جائے گا۔ سرکاری ذرائع سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سال 2014-15کے لئے تحریک انصاف کی حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صحت کے لئے8ارب 28کروڑروپے مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت رواں مالی سال کے بہت سارے عوامی نوعیت کے منصوبے شروع کرنے یا انہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ صحت کے لئے نئے سال کے ترقیاتی پروگرام میں کینسر اور ایڈز کے مریضوں کے مفت علاج کے لئے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں ۔نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات کم کرنےاورماں و بچے کے صحت پروگرام کے لئے 30 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے اور حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے لیے 20 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ پشاور کے تمام اسپتالوں اور صوبے کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں ایمرجنسی سہولتوں کی بہتری کے لئے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے آفات سے متاثرہ اضلاع میں صحت عامہ کی سہولتیں بہتر بنانےکے لئے ایک ارب 44کروڑ 70لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔شوگر کے مریضوں کو مفت انسولین کی فراہمی کے لئے ڈھائی کروڑ رکھے گئے ہیں۔ نرسوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کے لیے 50کروڑ روپے جبکہ ڈینگی اور ملیریا کنڑول پروگرام کے لئے دس کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔

مزید خبریں :